وزیراطلاعات

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کر دیا جائیگا،وزیراطلاعات

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کر دیا جائے گا، پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ اتحادی حکومت اور وزیراعظم کریں گے، نگران وزیراعظم کی مشاورت کے لئے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں، جو بھی نام ہوں گے وہ سامنے آ جائیں گے،ریڈیو پاکستان کا تمام آرکائیو ڈیجیٹل ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے، ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے نوجوانوں کی ریڈیو براڈ کاسٹنگ میں شمولیت میں اضافہ ہوگا، ریڈیو پاکستان کی نشریات 52 ممالک تک جائے گی، اس کی استعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے روات میں ریڈیو پاکستان کے 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریڈیو پاکستان انتہائی اہم سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے، ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا پہلی مرتبہ اجراء ہو رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ ریڈیو کے بیشتر ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی مدت پوری کر چکے تھے، ریڈیو پاکستان کو ڈیجیٹل آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی ضرورت تھی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے تعاون پر مشکور ہوں۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ اینا لاگ اور شارٹ ویو ٹیکنالوجی کا دور ختم ہو چکا ہے، اب جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن اب 52 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل میڈیم ویو کے ذریعے پہنچ سکے گی، ریڈیو کے میڈیم ویو کے 20 ٹرانسمیٹرز میں سے 14 ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی عمر پوری کر چکے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کی تنصیب سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی،یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ ایک گروہ نے حملہ آور ہو کر 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کے آرکائیو کو جلایا، اسی گروہ نے 2014ء میں پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی قومی اثاثہ ہیں، ہم نے نہ صرف پشاور ریڈیو کی بحالی کا آغاز کیا بلکہ ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز تک ریڈیو کی آواز پہنچ سکے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کا تمام آرکائیو ڈیجیٹل ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے نوجوانوں کی ریڈیو براڈ کاسٹنگ میں شمولیت میں اضافہ ہوگا، ریڈیو پاکستان کی نشریات 52 ممالک تک جائے گی، اس کی استعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کے ڈی جی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ ادارے مستعدی سے کام کریں گے، تو ان سے منسلک ملازمین کے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے مسائل پر وزارت اطلاعات نے وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ایک نظام مرتب کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ روات میں ہم میڈیا سٹی کا آغاز کریں گے، وژن، مشن ہے کہ روزگار بڑھے، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حالات تبدیل ہوں، ریڈیو کی نشریات پوری دنیا تک پہنچے، یہی وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ 15 ماہ میں ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کے دور میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، ملک معاشی طور پر مستحکم تھا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں، یہ ادارے محض عمارتیں نہیں ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل براڈ کاسٹرز پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں، ریڈیو پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ اس جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد ان اداروں کو پاکستان کی شناخت کے لئے استعمال کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام وزارتوں کی مشکور ہوں جنہوں نے اس منصوبے میں اپنا حصہ ڈالا، ریڈیو پاکستان نے پانچ سال کے بعد روات میں اپنی تکنیکی صلاحیتوں سے اس جگہ کو بحال کیا ہے، پاکستان میں 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال کی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی ہے،دو سال کا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں