اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سی پیک کا سہرا صدر شی جن پنگ اور آصف زرداری کو جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے آئے چینی نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کا پرتپاک خیرمقدم کیاگیا۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر فخر ہے جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤزے تنگ نے رکھی۔
انہوںنے کہاکہ ہمارے لیئے سی پیک ایک قابل فخر منصوبہ ہے جس کا سہرا صدر شی جن پنگ اور آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آصف علی زرداری نے اپنا پہلا سفارتی دورہ چین کا کیا تھا تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے قائم کردہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
سینیٹر شیری رحمان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کو چین کی حکومت نے سی پیک کا بانی اس ئے قرار دیا کیونکہ انہوں نے بطور صدر متعدد بار چین کا دورہ کیا اور صدارت چھوڑنے کے بعد بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سی پیک کی پیشرفت کو بڑھانے کے لیے چین کا دورہ کیا۔
انہوں نے پاک چین دوستی زندہ آباد کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا یہ تاریخ ساز منصوبہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے لیکن سابق نااہل حکومت کی وجہ سے سی پیک سست روی کا شکار ہوا، تاہم ہم اس گیم چینجر منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔