براڈ

براڈ کی ریٹائرمنٹ: اینڈرسن ساتھی کرکٹر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے

لندن (گلف آن لائن)انگلش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اپنے ساتھی کرکٹر اور فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

37 سالہ اسٹورٹ براڈ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، وہ آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ایشز ٹیسٹ کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

اسٹورٹ براڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیرئیر کا 167 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 602 وکٹیں حاصل کی ہیں،وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے فاسٹ بولر ہیں۔

ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوران پریزنٹر نے جیمز اینڈرسن سے جب براڈ کی ریٹائرمنٹ پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ آپ براڈ کو یاد کریں گے؟جس پر اینڈرسن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ’ الکل وہ میرا بہترین ساتھی ہے۔اس دوران اینڈرسن اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پارہے تھے اور ان کی زبان سے الفاظ نہیں نکل رہے تھے۔

براڈ اور اینڈرسن کی جوڑی کو ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے کامیاب جوڑی سمجھاتا ہے، دونوں نے اپنی شاندار بولنگ سے انگلینڈ کو کئی میچز جتوائے۔اپنی بہترین فٹنس کی وجہ سے دونوں فاسٹ بولرز نے لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلی ہے۔

اسٹورٹ براڈ کی ریٹائرمنٹ کے بعد جیمز اینڈرسن ضرور اپنے ساتھی کرکٹر کو یاد کریں گے۔یہاں یہ بات واضح کی جائے کہ اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر ہیں، انہوں نے 182 ٹیسٹ میچز میں 689 وکٹیں لی ہیں۔اب بھی وہ کرکٹ میں مزید وکٹیں لینے کیلئے پرعزم ہیں۔

خیال رہے کہ اوول میں ایشز کے 5 ویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو جیت کیلئے آخری روز 249 رنز درکار ہیں جبکہ انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لیے 10 وکٹیں چاہئیں۔آسٹریلیا کو 5 میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے، ایک میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں