چیئرمین پی ٹی آئی

توہین الیکشن کمیشن کیس،22 اگست کو عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ہو گی

اسلام آباد (گلف آن لائن) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 22 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت ہوئی،ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈوویٹ پیش ہوئے۔

اسد عمر ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ مجھے ابھی بھی مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ وکیل شعیب شاہین نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی اور عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنٰی کی درخواست دے دی۔وکیل نے بتایا کہ عمران خان نے میڈیکل چیک اپ کیلئے ہسپتال جانا ہے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ آج تو عمران خان پر فردِ جرم عائد ہونی تھی،توہین عدالت کیس میں کیسے استثنٰی کی درخواست منظور کر لیں؟بعد ازاں الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ 22 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ہو گی،الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں 25 جولائی کی سماعت کا حکمنامہ جاری کیا تھا، حکمنامے میں کہا گیا کہ عمران خان پر 2 اگست کو چارج فریم کیا جائے گا،سابق وزیراعظم اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔ جبکہ فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف کیسز کا بھی حکمنامہ جاری کیا گیا۔

حکمنامہ میں کہا گیا کہ فواد چوہدری کو تحریری معافی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ فواد چوہدری یکم اگست تک تحریری معافی نامہ جمع نہیں کراتے تو شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ اسد عمر کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت 2 اگست کو ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں