سیالکوٹ (گلف آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں نہ کشیدگی کم ہو سکتی ہے اور نہ ہی حالات پرامن ہوسکتے ہیں، بھارت نے گزشتہ کئی سالوں سے مقبوضہ کشمیرکو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں جس پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ وادی میں نہتے و مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو بند کرانا چاہیے۔
ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے بنیادی حق خود ارادیت کے لیے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اور بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کئے ہوئے ہیں جس دوران وہ بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو 75 سالہ قدیم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے تاکہ کشمیری عوام بھی آزاد فضا میں زندگی بسر کر سکیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت بھارت، فلسطین اور برماکے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسے فلیش پوائنٹس ہیں جو کسی وقت بھی عالمی امن کو تباہ کر سکتے ہیں ، آج مقبوضہ کشمیر، بھارت، فلسطین اور برما میں مسلمانوں پر جس طرح ظلم وبربریت کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں اس پر عالمی برادری کی خاموشی خوش آئند بات نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ظلم پر بنی نوع انسان نے خاموشی اختیار کی ہے دنیا قبرستان بن گئی ہے۔