امیرخان متقی

افغان سرزمین کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی،امیر متقی

کابل ( گلف آن لائن)افغان وزیرخارجہ ملاامیرخان متقی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افغان سرزمین کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں افغان وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا اور افغان سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ افغان قوم 40 سالہ جنگ سے تھک چکی ہے افغانستان اپنے ملک کی تعمیر و ترقی، امن کی بحالی پر توجہ دے رہا ہے۔

گزشتہ دنوں حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں حکومت پاکستان کے شدید ردعمل پر افغان سپریم لیڈر نے احکامات جاری کیے۔افغانستان سے باہر جہاد پر افغان سپریم لیڈر شیخ ہیبت اللہ اخوندزادہ نے سخت احکامات میں کہا ہے کہ کوئی بھی افغان شہری عسکریت پسندی کیلئیافغانستان کی سرحدپار نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ عسکریت پسندی کیلئے پاکستان گئے، مارے گئے تو وہ شہید نہیں کہلائیں گے اور ان کی موت کو ناپاک قرار دیا جائے گا۔افغان سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو افغانستان کی عبوری حکومت کاحصہ نہیں سمجھا جائے گا۔شیخ ہیبت اللہ نے کہا کہ پاکستان میں کسی افغان شہری کے قتل کے بعدافغان حکومت کاکوئی نمائندہ اسکے جنازے میں شرکت نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں