راجہ پرویز اشرف

صحافی اپنے قلم کے ذریعہ ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں ، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (گلف آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صحافت اور پارلیمنٹ کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ، پارلیمنٹ کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں پورے ملک کے عوام کی دانش گاہ ہے، صحافی اپنے قلم کے ذریعہ ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں۔ بدھ کو پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل کی منظوری سے دلی خوشی ہوئی ہے ، سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، سیاستدانوں کو چاہئے کہ میڈیا ورکرز کا بھی خیال رکھیں،

اصل صحافی تو وہ کمانڈر ہیں جو باہر نکل کر رپورٹنگ کرتے ہیں ، پارلیمانی پریس گیلری میں بیٹھے صحافیوں کی وجہ سے مجھے اطمینان ہوتا ہے کہ ہماری غلطیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کریں گے۔ انہوں نے پارلیمانی رپورٹرز سے کہا کہ جب وہ اپنی خبر بناتے ہیں تو حکومت اور پارلیمنٹ کو الگ الگ رکھ کر خبر بنائیں کیونکہ سپیکر اور پارلیمنٹ کا قواعد کے مطابق اپنا الگ کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہم نے ریکارڈ اور معیاری قانون سازی کی ہے ، فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے پندرہ ماہ میں جتنی قانون سازی کی ہے گذشتہ چار سالہ دور میں نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری سے میرا خصوصی تعلق اور رشتہ ہے جو ہمیشہ برقرار رہے گا ، ہم نے آئین کی گولڈن جوبلی منائی ، ساڑھے تین سو سے زائد بچے انٹرن شپ کر رہے ہیں، اس مرتبہ ہم نے پارلیمنٹ میں سمر سکول کا اجرائ کیا ، پارلیمنٹ کو ملک کے دیگر طبقات کے اوپن کیا ، پارلیمنٹ ایک فرد اور پارٹی کی ملکیت نہیں پورے ملک کے عوام کی ملکیت اور دانش گاہ ہے ، پارلیمنٹ کے حقیقی کردار کو اجاگر کرنا ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے قلم کے ذریعہ ملک میں اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر نمایاں کوریج کرنے والے پارلیمانی رپورٹرز کو شیلڈز دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں