nepal-cricket-team-1

نیپال کی ٹیم ایشیاءکپ 2023ءمیں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئی

کراچی (گلف آن لائن) نیپال کی کرکٹ ٹیم اپنی ایشیا کپ 2023ءمہم سے قبل کراچی پہنچ گئی ہے جو 30 اگست کو ملتان میں پاکستان کے خلاف شروع ہوگا۔

مہمان ٹیم کو کراچی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سخت سیکیورٹی میں مقامی ہوٹل لے جایا گیا ہے۔ نیپالی ٹیم کل سے نیشنل بنک سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی، وہ 27 اگست کو ملتان روانگی سے قبل پریکٹس میچ بھی کھیلیں گے۔

نیپال اس سال اپنا پہلا ایشیا کپ کھیلے گا۔ انہیں پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ایشین انڈر ڈاگز 4 ستمبر کو سری لنکا میں بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔

ایشیاءکپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ بھارت نے سیاسی بنیادوں پر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا۔

چند ماہ کی تاخیر کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرتے ہوئے ایشیا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کیا جو پانچ سال بعد اپنے اصل 50 اوور کے فارمیٹ میں واپس آرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں