نسیم شاہ

نسیم شاہ پاکستان کے لیے میچز جیتیں،وہاب ریاض

لاہور (گلف آن لائن) سابق فاسٹ باولر وہاب ریاض نے نوجوان پیسر نسیم شاہ کی پاکستان کے لیے کارکردگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کئی میچوں میں نسیم کی قابل ستائش کوششوں کا اعتراف کیا لیکن نشاندہی کی کہ نوجوان باؤلر ابھی تک اپنی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کرسکے ہیں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ”نسیم شاہ نے کافی میچوں میں اچھی باؤلنگ کی ہے تاہم، مجھے لگتا ہے کہ اس نے ابھی تک اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ اسے اپنی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے لیے میچ جیتنے چاہئیں”۔ وہاب ریاض نے 2023ءایشیاءکپ اور ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی حرکیات پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ”شاہین شاہ آفریدی نئی گیند کے ماہر ہیں، بعد میں حارث رؤف نے چارج سنبھال لیا، وہ ڈیتھ اوورز کے دوران باؤلنگ کے ماہر ہیں، ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی کے دس اوورز بہت اہمیت کے حامل ہوں گے، ٹیم کو 25ویں اور 35ویں اوور کے درمیان وکٹیں درکار ہوں گی”۔

ون ڈے انٹرنیشنلز (ODIs) میں پاکستان کی بیٹنگ کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وہاب ریاض نے امام الحق، فخر زمان، اور بابر اعظم سمیت ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ”ون ڈے میں پاکستان اپنے ٹاپ آرڈر بیٹرز امام، فخر اور بابر پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے تاہم پاکستان اپنے مڈل آرڈر لائن اپ سے متعلق مسائل سے دوچار رہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں