imran-khan-3

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کی گرفتاری روکنے کی درخواست جلد مقرر کرنے کا عندیہ

اسلام آباد(گلف آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری روکنے کی درخواست جلد مقرر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی دیگر کیسز میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق چیئرمین نے درخواست پر سماعت کی،وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ چھٹیاں ختم ہورہی ہیں آپ کا مرکزی کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ایف آئی اے، نیب اور پولیس کو دیگر کیسز میں گرفتاری سے روکا جائے۔وکیل سلمان صفدر کی جانب سے چوہدری ظہور الٰہی اور مولانا عبدالستار نیازی کیسز کا حوالہ دیا گیا۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ پہلے چھٹیاں تھی اس لیے میں نے زیادہ زور نہیں دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اب بھی چھٹیاں چل رہی ہیں۔وکیل نے کہا کہ ابھی تک رپورٹ نہیں آئی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کتنے کیسز ہیں کتنوں میں گرفتاریاں ہوئیں۔ نو مئی کہتے ہوئے میں گھبراتا ہوں، نو مئی کو میں پیش ہوا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اس طرح کرتے ہیں اس پٹیشن کو مقرر کر دیتے ہیں، رپورٹ دوبارہ منگوا لیتا ہوں، وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ تازہ رپورٹ منگوا لیں تاکہ تفصیلات سامنے آجائیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کیس کو جلد مقرر کرنے اور اس پٹیشن پر آرڈر بھی کر دیتا ہوں۔ آپ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے کچھ اعتراضات ہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ تقریباً دو سو کے قریب کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، آج کل ہماری مشکلات کافی حد تک بڑھ گئی ہیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے قوانین کی بہت خلاف ورزی کی گئی۔

اسلام آباد پولیس نے سیاسی انتقام کے کیسز میں قانون کی بالادستی ہی ختم کردی۔گرمیوں کی چھٹیوں میں ہی میں کہنا چاہ رہا تھا کہ ان معاملات کےلئے کوئی خصوصی بنچ تشکیل دے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیس کو جلد مقرر کرنے اور اس پٹیشن پر آرڈر بھی کر دیتا ہوں،بعدازاں کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں