pia

قومی ایئرلائن بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی، ڈائریکٹر پی آئی اے

کراچی (گلف آن لائن)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے)کے سینئر ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ایئرلائن بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر پی آئی اے نے بتایا کہ طیارہ ساز کمپنیوں نے طیاروں کے پرزے فراہم کرنے کا پروگرام بند کردیا، صرف 15 دن میں قابل پرواز طیارے 23 سے کم ہو کر 16 رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کم ہونے سے پروازیں بھی محدود ہوگئیں، آمدنی میں روزانہ کروڑوں روپے کی کمی ہو رہی ہے۔سینئر ڈائریکٹر پی آئی اے نے کہاکہ گزشتہ روزدمام میں ایک اور دبئی ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کے 4 طیارے روک لیے گئے، طیارے ایندھن کی واجبات کی عدم ادائیگی پر روکے گئے۔پی آئی اے کے سینئر ڈائریکٹر نے کہا کہ پی آئی اے کی تحریری یقین دہانی پر طیاروں کو واپس جانے کی اجازت دی گئی، دبئی اور دمام ایئرپورٹس پر حکام نے پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ایاٹا نے بھی پی آئی اے کو خدمات کی فراہمی بند کردی تھی، تاہم پی آئی اے کی طرف سے ساڑھے 3 ملین ڈالرکی فوری ادائیگی پر ایاٹا سروس بحال ہوئیں۔ پی آئی اے کے ملازمین کو اس ماہ کی تنخواہ نہیں ملی۔ڈائریکٹر پی آئی اے نے کہا کہ 23 ارب روپے فوری فراہم نہ کیے گئے تو15 ستمبر تک فلائٹ آپریشن بند ہونے کا خدشہ ہے، فلائٹ آپریشن بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں