nawaz-sharif

قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے استقبالی پلان میں معمولی ردوبدل

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے استقبالی پلان میں معمولی ردوبدل کر دیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال صرف پارٹی کی مرکزی قیادت ہی کرے گی، پنجاب سمیت ملک بھر سے آنیوالے پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ کے بجائے مینار پاکستان پر جمع ہوں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان نہیں لایا جائے گا، نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔

ابتدائی پلان کے مطابق لیگی کارکنوں کو ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کرنا تھا، استقبال کے بعد نواز شریف کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان لایا جانا تھا، نئے پلان کے مطابق مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے پنڈال میں پہنچنے پر پارٹی رہنما و کارکنان نواز شریف کا استقبال کرینگے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے بعد جاتی امرا رائیونڈ جائیں گے، جاتی امرا جانے کے لئے ہیلی کاپٹر یا بائی روڈ جانے کے دونوں روٹ پلان زیر غور ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جلسے سے خطاب کے بعد نوازشریف کی رائیونڈ واپسی کے حوالے سے دو تجاویز زیر غور ہیں، پہلی تجویز کے مطابق مینار پاکستان جلسے کے بعد نواز شریف داتا دربار پر حاضری دے کر جاتی امرا روانہ ہوںگے جبکہ دوسری تجویز یہ ہے کہ نواز شریف مینار پاکستان پر اپنے خطاب کے فوری بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امرا رائیونڈ روانہ ہو جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں