نگراں وزیر اطلاعات

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی جڑوں میں شامل ہے، نگراں وزیر اطلاعات

اسلام آباد(گلف آن لائن)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی جڑوں میں شامل ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی 11اگست کی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کی بھرپور طریقے سے وضاحت کر دی تھی کہ تمام پاکستانی برابر ہیں اور مساوات کا فروغ انتہا پسندی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے،انٹرنیشنل پیس فیسٹیول 2023سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سے 22سال قبل 2001میں اقوام متحدہ نے عالمی یوم امن منانے کا اعلان کیا، 2023میں عالمی انسانی حقوق کنونشن کے 75سال بھی مکمل ہو رہے ہیں جو ایک اہم سنگ میل ہے،انہوں نے کہا کہ نیکٹا نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک ملک کے اندر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے اور امن دشمن عوامل پر غور کیا، امن دشمن محرکات میں ایک اہم عنصر انتہا پسندی ہے،

پرتشدد انتہا پسندی دہشت گردی کو جنم دیتی ہے،مرتضی سولنگی نے کہا کہ اسلام انسانیت سے حسن سلوک کا درس دیتا ہے جبکہ انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد ہماری اقدار میں شامل ہے ، پاکستان کی طاقت ہمارا تنوع ہے اور امن دشمن عناصر ہماری اس طاقت کو کمزوری میں بدلنا چاہتے ہیں،نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ رکھا جائے، ریاست کے تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہیں ، ہمیں تعصبات کو ختم کرنا ہوگا، اسی جذبے سے پاکستان کی طاقت کھل کر سامنے آئے گی اور کوئی اس ملک کو کمزور نہیں کر سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں