عمران خان

ترجمان پی ٹی آئی کا عمران خان کے خلاف 9مئی کے تمام مقدمات میں مجرمانہ سازش اور بغاوت کے الزامات سمیت نئی شقیں شامل کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 9مئی کے تمام مقدمات میں مجرمانہ سازش اور بغاوت کے الزامات سمیت نئی شقیں شامل کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ اور کارکنان پر بغاوت پہ اکسانے جیسے سنگین الزامات عائد کرنا پارٹی کو ماورائے قانون انتقام کا نشانہ بنانے کی بدترین کوشش ہے ، 9مئی کی آڑ میں تحریک انصاف کے خلاف جاری غیر قانونی کارروائیاں عمران خان اور تحریک انصاف کو سیاست سے مائنس کرنےکے مذموم مقاصد واضح کر رہی ہیں،پی ٹی آئی ترجمان نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں پر لگائے گئے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات میں نئی دفعات کا اضافہ ان واقعات میں ملوث اصل ذمہ داران کو بچانے کی ایک کوشش ہے ۔

ایک بیان میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں کھڑے ہو کر 9 مئی کے جلاﺅ گھیراﺅ واقعات کی پر زور مذمت کی جسے سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کا حصہ بنایا ، چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 9 مئی واقعات کی اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا جس پر آج تک کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ 9مئی کے مقدمات میں نئی دفعات کا اضافہ ان واقعات میں ملوث اصل ذمہ داران کو بچانے کی ایک کوشش ہے ، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پر 180سے زائد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ 9مئی کی آڑ میں پی ٹی آئی کے خلاف جاری غیر قانونی کارروائیاں واضح طور پر عمران خان اور پی ٹی آئی کو سیاست سے مائنس کرنے کے مذموم عزائم کی نشاندہی کر رہی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمی پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی طور پر محرک مقدمات میں بغاوت جیسی سنگین شقوں کو شامل کرنے کا نوٹس لے اور قانون کے اس مجرمانہ استعمال میں ملوث پولیس افسران سمیت دیگر پراسیکیوشن حکام کے خلاف کارروائی کی جائے ،پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے مطالبے کی روشنی میں 9مئی کے واقعات کے اصل کرداروں کا تعین کرنے کے لیے اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں