راجہ پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف کی سعودی عرب کے 93ویں قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شوری کونسل کیچیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ اور سعودی عرب کی عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اسپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور معاشی و سماجی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں