اسلام آباد (گلف آن لائن) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سب کیلئے لیول پلینگ فیلڈ مانگ رہی ہے، سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جاتے،ریاست اور ریاستی اداروں کے دشمن ٹوٹوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے،احتساب کے نام پر انتقام کیلئے مقدمات پیپلز پارٹی کیلئے نئی بات نہیں ،آصف زرداری نے بغیر سزا طویل جیل کاٹی ،مقدمات میں بری ہوئے ۔
ایک بیان میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سب کیلئے لیول پلینگ فیلڈ مانگتی ہے،پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے آئین کے تحت انتخابات کی تاریخ اور انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نگران زمہ داری نبھاتے ہوئے صاف شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی مددگاری کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے جاتے ،پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کیلئے سیاسی مخالفین سے اتحاد کئے ،ماضی قریب میں پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ سے میثاق جمہوریت کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تلخیاں بڑھانا نہیں چاہتی ،ایسے ٹولوں کیساتھ نہیں بیٹھ سکتے جو ریاست اور ریاستی اداروں کے دشمن ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے قیادت نااہل ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،عمران خان ہسپتال کے ڈاکٹرز کی سفارش پر عدلیہ کے حکم نامے پر باہر گئے وہ پاکستان میں آکر اپنا سیاسی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کیلئے مقدمات پیپلز پارٹی کیلئے نئی بات نہیں ہے،آصف زرداری نے بغیر سزا طویل جیل کاٹی اور مقدمات میں عدلیہ سے بری ہوئے ہیں ۔
٭٭٭٭٭