لاہور(گلف آن لائن)ملک میں بجلی کی پیداوار میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر9.2فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار30799گیگاواٹ آوورزریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.2فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں 28203گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار ہوئی تھی۔اگست میں ملک میں 15959گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار ہوئی جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 13.6فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال اگست میں ملک میں 14053گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوارحاصل ہوئی تھی۔
جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملک میں بجلی کی پیداوارمیں ماہانہ بنیاودں پر7.5فیصد کی نمو ہوئی ۔ جولائی میں ملک میں 14839گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو اگست میں بڑھ کر15959 گیگاواٹ آوورز ہوگئی۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پانی سے 11524گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11.6فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پن بجلی کی پیداوار کا حجم 10331گیگاواٹ آوورز ریکارڈکیا گیا۔
اسی طرح آر ایل این جی سے جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 5659گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40.6فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں آر ایل این جی سے 3875گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی تھی۔ کوئلے سے جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 4537گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.4فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کوئلے سے 3965گیگاواٹ آوورزبجلی حاصل ہوئی تھی۔نیوکلیئرذرائع سے جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 4147گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3884گیگاواٹ آوورز کے مقابلے میں 6.8فیصد زیادہ ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گیس سے 2343گیگاواٹ آوورز،ہوا سے 1354گیگاواٹ آوورز،فرنس آئل سے 944گیگاواٹ آوورز اورشمسی 159گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل کی گئی۔