لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مریم نواز نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں، خواتین اور ہسپتال میں زیر علاج لوگوں پر بم برسانا بربریت کی انتہا ہے، اسرائیلی مظالم پر ہر باضمیر انسان کا سینہ غم کی شدت سے پھٹ رہا ہے۔
سینئر نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچوں، عورتوں اور نہتے شہریوں کا قتل اس لئے ہو رہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں؟ یہ سوچ نہ انسانی ہے نہ ہی عالمی قانون کی پاسداری ہے، صیہونی ریاست بے گناہوں کا لہو بہا کر جنگی جرائم کر رہی ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی قاتل کی مدد کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق میں مسلمان اور غیرمسلم کا امتیاز کرے گی تو دنیا کی تباہی یقینی ہے، غزہ میں ملبے کا ڈھیر اصل میں عالمی ضمیر کے ملبے کا ڈھیر بن جانا دکھائی دیتا ہے، مسلمان ممالک انسانیت سوز مظالم رکوانے کے لئے اپنی اخلاقی، دینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔