لاہور (نیوز ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار صدر پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گزشتہ روز بھی ایف آئی اے سینٹرل کورٹ میں پیش نہ کیا جا سکا۔ایف آئی اے سینٹرل کورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
اڈیالہ جیل حکام نے صدر تحریک انصاف کی میڈیکل رپورٹ عدالت جمع کروائی، میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی سفر کرنے کے لیے فٹ نہیں ہیں اس لیے راولپنڈی سے لاہور کا طویل سفر نہیں کرسکتے، طبی بنیادوں پر پرویز الٰہی کو ایف آئی اے کورٹ میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عدالت نے جیل حکام کو سمن کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔