پی ٹی آئی

سوشل میڈیا انفلونسرز نے اداروں کیخلاف کام کیا، نہ انہیں خزانے سے پیسے دیئے گئے ، پی ٹی آئی

اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے ادائیگی کے الزام کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ٹیم اور انفلوئنسرز دونوں الگ تھے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے کبھی اداروں کیخلاف کام نہیں کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے ادائیگی کا جھوٹا الزام لگایا گیا ،الزامات لگانے والوں نے حقائق جاننے کی کوشش تک نہیں کی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس مسئلے پر ہر قسم کی تحقیقات کیلئے تیار ہے، خیبرپختونخوا میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز تحریک انصاف کیلئے نہیں بلکہ حکومت خیبر پختونخوا کیلئے کام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انفلونسر سوشل میڈیا پر حکومت خیبرپختونخوا کی اچھی کارکردگی کی تشہیر کرتے تھے، ان سوشل میڈیا انفلونسرز کو سرکاری قواعد و ضوابط پورے کرنے اور اشتہار کے بعد بھرتی کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا انفلونسر پروفیشنل نوجوان تھے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

مخالفین اس پر سیاسی بیان بازی کی بجائے ایف آئی اے یا دیگر اداروں سے اس منصوبے کی تحقیقات کروا لیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ ان انفلونسر نے کوئی ریاست مخالف مہم چلائی ہو، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے لیڈر محمود خان اس وقت وزیراعلی تھے، سوشل میڈیا انفلونسرز پراجیکٹ کا جواب وہ دیں تو بہتر ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں