واشنگٹن (گلف آن لائن)امریکی اداکارہ انجیلینا جولی نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اجتماعی قبر بنتا جارہا ہے،ایسی بے بس آبادی پر وحشیانہ بمباری کی جارہی ہے جن کے پاس بھاگنے کی جگہ نہیں ہے۔انجلینا جولی نے انسٹاگرام اکائونٹ پر جبالیہ مہاجر کیمپ کی تصویر پوسٹ کی جسے اسرائیلی فوج نے بمباری کا نشانہ بناکر درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا۔ہالی ووڈ اداکارہ نے پوسٹ میں کہا کہ ایک ایسی بے بس آبادی پر وحشیانہ بمباری کی جارہی ہے جن کے پاس بھاگنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ تقریبا دو دہائیوں سے کھلی فضا میں قید ہے اور اب تیزی سے اجتماعی قبر بنتا جا رہا ہے، اس بمباری میں قتل ہونے والوں میں 40فیصد معصوم بچے ہیں، وہاں پورے پورے خاندانوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔اداکارہ نے عالمی رہنماوں کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے قتل عام کو دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے،
بہت سی حکومتوں کی حمایت سے لاکھوں فلسطینی شہریوں، بچوں، خواتین، خاندانوں کو خوراک، ادویات اور انسانی امداد سے محروم کرتے ہوئے اجتماعی طور پر سزا دی جارہی ہے، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔انجلینا جولی نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے سے انکار کرکے عالمی رہنما بھی جرائم میں ملوث ہورہے ہیں۔