سر دار مسعود خان

پاکستان آئی ٹی، زراعت، معدنیات، اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے،مسعود خان

واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہی کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ملک میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دے کر سرمایہ کاری کے ایک تخلیقی منظر نامے کی تشکیل کر رہی ہے،ایس آئی ایف سی کی جانب سیون ونڈو پلیٹ فارم اور تیز رفتار رجسٹریشن کے عمل کی پیشکش نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں کاروبار کرنا آسان بنا دیا ہے، سرمایہ کار مکمل اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں موجود مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہارپاکستان امریکن چیمبر آف کامرس، گیوینیٹ چیمبر آف کامرس جارجیا اور پاکستان چیمبر آف کامرس، یو ایس اے کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں امیزنگ انرجی سلوشنز کے سی ای او مسٹر سلمان اجانی، گیوینیٹ چیمبر آف کامرس جارجیا کی محترمہ انارا بابوانی، پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر مسٹر عامر پپرانی سمیت وقار خان، چیئر، او پی ٹی وی گلوبل، جناب فواد اسماعیل، صدر بینکرز ایسوسی ایشن اور احمد چنائے، ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج، کراچی نے شرکت کی۔ملاقات میں پاکستان کے قونصل جنرلز اور چاروں قونصل خانوں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ امریکہ میں تمام چیمبرز آف کامرس پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

امریکہ بھر سے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کاروباری عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات میں سرمایہ کاری کریں۔مسعود خان نے کہا کہ سرمایہ کار پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دیں اور پاکستانی کاروباری افق پر سرکردہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی پہلے ہی مختلف شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔وقت آگیا ہے کہ آپ بھی اپنا نام بنائیں اور اپنا مقام حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی مہمان نوازی، ہیلتھ ٹیک، ڈائیگناسٹیکس اور فن ٹیک جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں جدت کی اس لہر کو مزیدجلا بخشیں کریں اور اپنے مادر وطن کو کامیابیوں کی جانب گامزن کریں۔مسعود خان نے کہا کہ امریکی پاکستان میں بہترین سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور مہمان نوازی سے لے کر ہیلتھ ٹیک، ڈائیگنوسٹکس اور فن ٹیک تک، ترقی کی منازل طے کرنے کے شاندار مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئیں جذبے سے کام کریں اپنے پیارے ملک کو مزید کامیابی کی طرف لے جائیں۔انہوں نے پاکستان میں 80 امریکی کمپنیوں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے کئی دہائیوں پر محیط تجربے اور ملک میں ان کے انفراسٹرکچر کی وجہ سے امریکہ کو تقابلی فائدہ حاصل ہے۔کینیڈا، یو اے ای سمیت سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سے اربوں کے سرمایہ کاری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ ملک نے چار شعبوں جن میں آئی ٹی، توانائی، زراعت اور کان کنی شامل ہے، میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دروازے کھولے ہیں۔

انہوں نے ملک کو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے کے لیے آئی ٹی، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں دی جانے والی مختلف مراعات کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018میں وینچر کیپیٹل فنڈنگ میں محض 10 ملین ڈالر سے شروعات کی گئیں تاہم ٹیک اسٹارٹ اپس میں خاطر خواہ ترقی دیکھنے میں آئی ہے اور اب دنیا کی معروف وینچر کیپیٹل کمپنیاں سالانہ 1 بلین ڈالر سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔انہوں نے ٹیک سیکٹر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مالی سال میں ٹیک اسٹارٹ اپ کا کاروبار 3 ارب ڈالر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ای – والیٹس اور کیش لیس انقلاب مالیاتی ایکو سسٹم کو تبدیل کر رہی ہے جس سے لین دین کے عمل کو آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔

مسعود خان نے شرکا کو براہ راست سرمایہ کاری کے لیے خصوصی ٹیکنالوجی زونزکے بارے میں بھی آگاہ کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ سہولیات اور مراعات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔چیمبرز کے نمائندوں نے اس اقدام اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر لانے پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات بالخصوص اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کو پاکستان کی معیشت کے لئے خوشحالی کا نیا دور قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایس آئی ایف سی کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستانی امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے تمام چیمبرز آف کامرس کے ممبران پر مشتمل تجارتی مشن تشکیل دیں جو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کر سکیں۔

انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس اور رجسٹریشن کے معاملے پر سفیر پاکستان نے امریکہ بھر میں پاکستانی قونصل خانوں میں تمام تجارتی افسران کو ہدایت کی کہ وہ تاجر برادری سے رابطہ کریں اور ان کے مسائل کے حل میں مدد کریں۔اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سفارت خانہ پاکستان کی ویب سائٹ پر ایک خصوصی پورٹل بنایا جائے گا اور اسے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ویب پیج کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف مراعات کے بارے میں معلومات بآسانی میسر آسکیں۔

اس موقع پر نیویارک، ہیوسٹن، لاس اینجلس اور شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرلز نے اپنے متعلقہ قونصل خانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے بریفنگ کا اہتمام کر نے اور کاروباری برادری کو درکار معلومات کی فوری فراہمی میں اپنے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔اس موقع پر پاکستان چیمبر آف کامرس آف امریکہ کے صدر عامر پپرانی نے بھی سفیر پاکستان مسعود خان کو دسمبر 2023 میں بطور مہمان خصوصی ان کے سالانہ عشائیہ میں شرکت کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں