لاہور (نمائندہ خصوصی ) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ، چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور الہی روڈ پہنچے، ان کے ہمراہ شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثنا اللہ ، سعد رفیق ، سردار ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑسمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی ملاقات کے لئے پہنچے۔ نواز شریف اور لیگی قیادت کی آمد پر مسلم لیگ ق کے رہنماوں نے ان کا استقبال کیا، ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک تھے ۔
نواز شریف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ، چودھری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کی قیادت کی آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی ۔