ابرار احمد

لیگ اسپنر ابرار احمد 14 دسمبر سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

کینبرا (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر ابرار احمد 14 دسمبر سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔ابرار احمد نے آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں دائیں گھٹنے کے قریب پیر میں شدید درد کی شکایت کی تھی اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔

میڈیکل ٹیم نے ان کا معائنہ کیا تھا جس کے بعد اسی روز ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا تھا۔ابرار احمد کا پرتھ میں پیر کے روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ری ہبلیٹیشن جاری رہے گا تاکہ ان کی ریکوری ہوسکے۔

ابرار احمد ابھی تک ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے ہیں لیکن ان کی کنڈیشن کو ذہن میں رکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ان کی اس دورے کے لیے دستیابی کے بارے میں مزید تعین کیا جائے گا۔دریں اثنا چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر آف اسپنر ساجد خان کے نام کی منظوری دی ہے جو سفری دستاویز مکمل ہونے کے بعد پرتھ روانہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں