بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں کوپ 28 میں طے پانے والے معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 28) دو ہفتوں کے مشکل مذاکرات کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس نے پیرس معاہدے پر عمل درآمد کی سمت کی نشاندہی کی ، خاص طور پر سبز اور کم کاربن تبدیلی کے عالمی رجحان کو مزید مضبوط بنایا ہے، جوکہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ کانفرنس کی کامیابی آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر تمام فریقوں کے اعلی معیار کے اتفاق رائے کی عکاسی کرتی ہے۔
ماؤ نینگ نے کہا کہ کانفرنس کے دوران چین نے چیئرمین ملک متحدہ عرب امارات اور تمام فریقین کے ساتھ مل کر ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کی حفاظت کی اور مذاکرات میں اہم مسائل کے حل فراہم کیے اور کانفرنس کے مثبت نتائج کے حصول کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ ماؤ ننگ نے اس بات پر زور دیا کہ تاحال ترقی یافتہ ممالک نے اخراج میں کمی کے حوالے سےپہل کرنے اور ترقی پذیر ممالک کو مالی، تکنیکی اور صلاحیت سازی کی مدد فراہم کرنے کےاپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور بین الاقوامی تعاون میں رکاوٹ ڈالنے والے یکطرفہ اقدامات کو حل کرنے میں کوئی ٹھوس پیش رفت حاصل نہیں ہوئی .لہذا ایک منصفانہ، معقول اور تعاون پرمبنی عالمی موسمیاتی حکمرانی کے نظام کی تعمیر کے لئے طویل سفر بدستور طے کرنا ہوگا۔