کراچی (گلف آن لائن )اداکارہ اشنا شاہ نے کہا ہے کہ غزہ کے حالات دیکھ کر اسلام کے مزید قریب ہوگئی ہیں، اب قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ بھی پڑھ رہی ہیں۔
اشنا شاہ نے حال ہی صحافی ملیحہ رحمن کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر، ازدواجی زندگی، پاکستانی ڈراموں اور فلسطین سے متعلق گفتگو کی۔اشنا شاہ نے کہا کہ مجھے معلوم تھا میں جب اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں بولوں گی تو سب سے پہلے ملٹی نیشنل کمپنیاں مجھے پراجیکٹس دینا بند کردیں گی اور مجھے انسٹاگرام پر شیڈو بین کردیا جائے گا۔
اشنا شاہ نے کہا کہ میرا بچپن کینیڈا میں گزرا ہے اور میرا کینیڈا جاکر وہاں کام کرنے کا پلان تھا کیونکہ میرا ہمیشہ سے خواب تھا کہ میں نے باہر جاکر کام کرنا ہے لیکن اس وقت غزہ میں کشیدہ صورتحال ہے، اس کی وجہ سے میں نے کینیڈا جانے کا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ہم اسلام سے دور ہورہے تھے لیکن غزہ کی وجہ سے میں اور دیگر مسلمان بھی اسلام کے مزید قریب آگئے ہیں جبکہ کئی غیر مسلموں نے بھی اسلام قبول کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فلسطین کے حالات دیکھنے کے بعد عمرہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور اب عمرے کی ادائیگی کے بعد بھی انگریزی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہی ہوں۔اشنا شاہ نے عمرے کے دوران عبایا پہنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عبایا اور حجاب پسند ہے، ہم یہ پہن کر اپنے دین اسلام کی نمائندگی کرتے ہیں اور میں اپنے مذہب کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا عبایا اور حجاب پہن کر بہت خوشی ہوئی لیکن میں یہ دعوی نہیں کرسکتی کہ میں اب حجابی بن جائوں گی کیونکہ یہ میرا اور میرے رب کے درمیان کا معاملہ ہے۔