لاہور ہائیکورٹ

ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما خیال کاسترو کی کیسز کی تفصیلات کیلئے درخواست نمٹا دی

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما خیال کاسترو کی کیسز کی تفصیلات کیلئے درخواست پولیس رپورٹ کے بعد نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے سابق رکن اسمبلی خیال کاسترو کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار فیصل آباد سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر ہے، پولیس کوئی مقدمہ درج نہ ہونے کے باوجود گھر پر چھاپے مار رہی ہے، گھر پر چھاپے مار کر الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جا رہاہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کو درج کیسز، انکوائریز کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، عدالت کیسز اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت سی پی او فیصل آباد عدالت پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرا ئی جس میں بتایا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف 7مقدمات ہیں۔عدالت نے سی پی او فیصل آباد کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست غیر ضروری قرار دے کر نمٹا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں