صدر مملکت

بینائی سے محروم افراد کی علم اور کتابوں تک رسائی بڑھانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، صدر مملکت

اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینائی سے محروم افراد کیلئے بریل میں کتابوں اور علم کی دستیابی خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں کتب بینی کا کلچر فروغ دیکر فکری و انفرادی ترقی ممکن ہے۔

وہ نیشنل بْک فاؤنڈیشن کے کردار اور کارکردگی پر بریفنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں وزارت ِتعلیم کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ نیشنل بْک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکر ڈاکٹر راجہ مظہر
حمید نے فاؤنڈیشن کے کردار اور کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈسلیکسیا (پڑھنے میں مشکلات )سے متاثر افراد کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے ،فاؤنڈیشن ڈسلیکسیا سے متاثر لوگوں کیلئے کتابیں تیار کررہی ہے، ڈسلیکسیا کے شکاربچوں کیلئے پریپ سے آٹھویں جماعت تک کتابیں تیار کی جارہی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی سال 25۔ 2024میں ڈسلیکسیا کے شکار بچوں کو کتابیں فراہم کی جائیں گی ،فاؤنڈیشن کی کراچی میں بریل پریس بینائی سے محروم افراد کو صرف 10 روپے میں کتابیں فراہم کر رہی ہے ، کتابوں سے بینائی سے محروم بچوں کی تعلیم تک رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔ بریفنگ میں بتا یا گیا کہ اسلام آباد کے 431 اسکولوں میں پریپ سے آٹھویں جماعت تک بینائی سے محروم بچوں کیلئے کتب فراہم کی جائیں گی ،

نیشنل بک فاؤنڈیشن بریل میں مختلف موضوعات پر کتابیں چھاپ رہی ہے ،نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان اور بیرون ملک کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔صدر مملکت نے ملک میں خواندگی ، کتب بینی کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں