مرتضیٰ سولنگی

کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر ہیں،سلامتی کونسل اپنے وعدے پورے کرے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر ہیں،

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنے وعدے پورے کرے، پاکستان کشمیری عوام کی جائز حق ملنے اور جدوجہد آزادی کی کامیابی تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ جمعہ کو یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری عوام آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں،

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949 کو آج ہی کے دن قرارداد کے ذریعے کشمیری عوام کو یہ حق دیا تھا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں،آج کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے اس وعدے کو 75 برس گزر گئے لیکن افسوس کہ یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہو سکا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں کا احترام کرتے ہوئے ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنے وعدے پورے کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، متنازعہ علاقے کی حیثیت کے بارے میں 11 دسمبر 2023ئ کا بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اس سمت میں تازہ ترین قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی حد بندی مذہب کی بنیاد پر تبدیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کو جائز حق ملنے اور جدوجہد آزادی کی کامیابی تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں