لاہو ر(نمائندہ خصوصی)قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں انتخابات کے التواء کی قرارداد آئین، جمہوریت اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی اور ملک و ملت سے دشمنی کے مترادف ہے، سپریم کوٹ نے ہائی کورٹس کے ذریعے ابہام پر مبنی فیصلوں کو کنٹرول کرلیا، اب جمہوریت دشمنوں نے سینیٹ کو آلہ کار بنایا ہے،
سینیٹ کے 14 ارکان کی قرارداد آئین پر بالادست نہیں ہوسکتی ،انتخابات کے محاذ پر بے یقینی قائم رکھ کر سماجی، معاشرتی اور جمہوری اقدار کو مزید تباہی سے دوچار کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں نہ آئے اور سپریم کورٹ، آئین اور 25 کروڑ عوام کے جمہوری حق کی حفاظت کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرے، سینیٹ نے انتخابات التواء سے متعلق قرارداد موو کرنے کی اجازت دے کر اپنا وقار خاک میں ملادیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے این اے 123 میں ڈی ایم اے، بیدیاں روڈ، سوڑا، کرباٹھ، موتا سنگھ، پنجاب سمال انڈسٹریز، سنٹرل پارک، ڈیرہ ماسٹر قاسم، حاجی مردان انٹیریئر اور الفلاح ٹاؤن میں عوامی کارنر میٹنگز اور جماعتِ اسلامی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب اور منصورہ میں مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی سیاست اور لاہور کے سیاسی کردار کو سولـملٹری اسٹیبلشمنٹ، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے مل کر تباہ کیا ہے۔ اجلاس میں نائب امرا ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اورراشد نسیم نے بھی شرکت کی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب نے قومی وحدت، بھائی چارے اور تمام صوبوں کے لیے ہمیشہ محبت کا راستہ اختیار کیا لیکن حکمران مقتدر طبقوں نے پنجاب کو بدنامی اور رسوائی دی ہے۔ جماعتِ اسلامی نے 2024 انتخابات میں پنجاب کی 237 قومی اور 250 صوبائی حلقوں میں اپنے امیدواران کو انتخابی میدان میں اتارا ہے، بھرپور انتخابی مہم اور عوام کا رجوع نئے مستقبل کا پیغام ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو خودمختاری، انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی وژن کے ساتھ بحال کریں گے۔ اقتصادی بحرانوں اور عوام پر مسلط مہنگائی، پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ واپس اور ہر قسم کی کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ سودی معیشت کا خاتمہ ہوگا؛ خودانحصاری، اپنے وسائل، اپنی افرادی قوت کے ساتھ ہنرمندوں، سرمایہ کاروں، تاجروں، صنعت کاروں اور بیرون ملک پاکستانیوں کے تعاون اور اعتماد سے ملک و ملت کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔
کشکول کلچر کا خاتمہ ہوگا، جماعتِ اسلامی پارلیمنٹ کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرکے موروثی، بیہودہ اور جاگیردارانہ طرزِ سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ مزیدبرآں لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گلگت کے لیے پروازوں کی منسوخی کو دوماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کا ملک کے دوسرے حصوں سے رابطہ منقطع ہے، جس عوام شدید متاثر ہے، خصوصی طور پر برف باری کی وجہ سے مریضوں کو علاج کی غرض سے اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں میں منتقل کرنے کے بھی شدید مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے لیے فضائی سروس فی الفور بحال کی جائے۔لیاقت بلوچ نے این ایل ایف پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی کو ایل ڈی اے لاہور میں ریفرنڈم جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے ورکشاپ میں بھی انشاء اللہ پریم یونین ہی جیتے گی۔