سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ممنوعہ بور لائسنسز کے اجراء کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے ملک میں ممنوعہ بور لائسنسز کے اجراء کا نوٹس لے لیا، رجسڑار آفس سپریم کورٹ کو کیس 184(3) کے تحت رجسٹرڈ کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جیز سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے اسلحہ چوری کے ملزم کی ضمانت کے مقدمہ کے تحریری حکم نامے میں کہا کہ مقدمہ کی سماعت کے دوران ممنوعہ بور کا لائسنس سامنے آیا، ڈی آئی جی مردان کی جانب سے جاری کیا گیا مجوزہ لائسنس عدالت کو دکھایا گیا۔

حکم نامے میں سوال اٹھایا گیا کہ کس اختیار کے تحت ڈی آئی جی مردان ںے ممنوعہ اسلحہ رکھنے کا اجازت نامہ جاری کیا، کیا اس طرح ممنوعہ بور کو لائسنس جاری کیا جاسکتا ہے؟

حکمنامے میں کہا گیا کہ اگر ممنوعہ اسلحہ کا لائسنس جاری ہو سکتا ہے تو کون کرے گا؟ لائسنس کی تعداد کیا ہے؟ ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس کی آسانی سے دستیابی کیا آئین کے آرٹیکل 9 سے مطابقت رکھتی ہے؟

سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کو معاملہ مفاد عامہ کے آرٹیکل 184(3) کے تحت رجسٹرڈ کرنے کا حکم دے دیا اور اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرلزکو نوٹس جاری کر دیئے۔اس حوالے سے تمام صوبائی سیکرٹری داخلہ اورآئی جیز سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں