اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ میں صحافیوں کے داخلے کے حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ نے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ کی عمارت میں ویڈیو، یوٹیوب پروگرام ریکارڈ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔
پیر کو جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ صحافی صرف میڈیا ہائوسز کے کارڈ دکھا کر سپریم کورٹ انٹری گیٹ سے داخل ہوسکتے ہیں، سپریم کورٹ کی عمارت میں ویڈیو بنانے یا یوٹیوب پروگرام ریکارڈ کرنے کی ممانعت ہے۔کہا گیا کہ کسی اہم کیس کی سماعت پر کورٹ روم میں ہر میڈیا ہائوس کے صرف ایک رپورٹر کو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ باقی رپورٹرز کے لیے کسی اور کورٹ روم میں آڈیو لنک فراہم کیا جائے گا۔
پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر طیب بلوچ نے صحافیوں کو مخصوص فہرستوں پر داخلے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی۔صدر پریس ایسوسی ایشن طیب بلوچ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو تحریری طور میڈیا کارڈ پر داخلے کے لیے لکھا تھا، اب سپریم کورٹ کی جانب سے پریس ایسوسی ایشن کے مطالبے کو مانتے ہوئے محض کارڈ پر داخلے کی اجازت دے دی گئی۔