تہران(گلف آن لائن) ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسلم ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے بجائے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر خامنہ ای نے مسلم ممالک کو تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنا درست نہیں کیوں کہ جنگ بندی آپ کے نہیں بلکہ صیہونی ریاست کے ہاتھ میں ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسرائیل چاہے تو جنگ بندی کریں اور نہ چاہے تو نہ کریں۔ یہ ان کی مرضی ہے لیکن مسلم ممالک کے ہاتھ میں جو چیز ہے وہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے درست طریقے سے نمٹنا سفارتی تعلقات منقطع کرنا ہے۔ مسلم ممالک جو کام خود کرسکتے ہیں وہ کام تو کریں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں 25 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 63 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔