واشنگٹن(گلف آن لائن)وائٹ ہائوس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے شرقِ اوسط کے مشیر بریٹ میک گرک دوحہ، قطر میں ہیں اور اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کے ایک اور معاہدے کے امکانات کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس نے مزید کہاکہ مک گرک غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے اور انسانی بنیادوں پر وقفے کا معاہدہ طے کرنے کی غرض سے فعال بات چیت کے لیے خطے کے دورے پر ہیں۔کربی نے کہاکہ امریکہ غزہ میں لڑائی میں طویل انسانی وقفے کی حمایت کرے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یرغمالی رہا ہوں اور امداد پہنچائی جائے۔
انہوں نے اس سلسلے میں کوئی مخصوص وقت بتانے سے انکار کر دیا اور خبردار کیا کہ وہ اس بحث اور گفتگو کو مذاکرات نہیں کہہ سکتے۔کربی نے وائٹ ہائوس کی ایک باقاعدہ بریفنگ کو بتایاکہ مذاکرات بہت سنجیدہ ہیں کہ یرغمالیوں کی ایک اور ڈیل حاصل کرنے کی کوشش کی جائے اور مزید کہا کہ بات چیت میں یہ بحث بھی شامل ہے کہ یرغمالیوں کو نکالنے کے لیے کتنے طویل وقفے کی ضرورت ہوگی۔