اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ سیاست اب کسی نئے پلیٹ فارم سے ہوگی،نئی جماعت کی گنجائش ہے الیکشن کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرینگے،
کوئی وزیراعظم یہ کہے کہ مجھے چلنے نہیں دیا گیا تواتفاق نہیں کرتا، امکان ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ساتھ بیٹھی ہوں،2ہفتوں سے بھی کم دن رہ گئے کوئی الیکشن کاماحول نہیں ہے۔ایک انٹرویومیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آزاد لوگوں کی بڑی تعداد ہوگی جو حکومت میں شامل ہوگی،دوتین جماعتوں کا اتحاد ہوگا اس کے بعد ہی حکومت بنے گی۔انہوں نے کہاکہ جس طرح انتخابی مہم چل رہی ہیں کچھ نہیں پتہ آگے کیا ہوگا،
امکان ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ساتھ بیٹھی ہوں۔شاہد خاقان نے کہاکہ الیکشن کو2ہفتوں سے بھی کم دن رہ گئے کوئی الیکشن کاماحول نہیں ہے،عوام سیاسی نظام اور سیاسی قیادت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان نے کہاکہ باقاعدہ سیاسی جماعت کیسے چھوڑی جاتی ہے مجھے نہیں پتہ لیکن الیکشن میں حصہ نہ لیں تو اس کا مطلب ہے جماعت کے ساتھ نہیں۔
سابق ن لیگی رہنما نے کہاکہ سیاست نہیں چھوڑی اس الیکشن میں حصہ نہیں لیا، سیاست اب کسی نئے پلیٹ فارم سے ہوگی،نئی جماعت کی گنجائش ہے الیکشن کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرینگے۔شاہد خاقان نے کہا کہ نوازشریف کیساتھ35سال کی رفاقت ہے،بدقسمتی ہے آج ن لیگ کے طرز سیاست سے اتفاق نہیں کرتا ،ہمارے ملک کا نظام مکمل طور پرآئین کے مطابق نہیں چلتا۔
انہوںنے کہاکہ کوئی وزیراعظم یہ کہے کہ مجھے چلنے نہیں دیا گیا تواتفاق نہیں کرتا، ہر وزیراعظم کی خواہش ہوتی ہے کہ بادشاہ کی طرح اختیارات ہوں،نظام میں آئین کے بغیر بھی رکاوٹیں ہیں۔ن لیگی رہنما نے کہاکہ وزیراعظم کے پاس90فیصد تک کام کرانے کے اختیارات ہوتے ہیں۔