اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران میں نو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
اپنے بیان میں نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ مشترکہ دشمنوں کی پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔اس سے قبل سراوان واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ہول ناک اور قابلِ نفرت واقعہ ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہاتھا کہ واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کا فوری محاسبہ کیا جائے، اس سنگین معاملے سے مکمل آگاہ ہیں اور تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔