لاہور(گلف آن لائن)سابق اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عون چوہدری کی کامیابی پر منفی تبصرے کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ آپ اپنا غصہ میری پوسٹس پر نہ اتاریں اور مہربانی کرکے اپنی منفی سوچ کو لوگوں میں نہ پھیلائیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کے این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔اس کامیابی کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اپنا غصہ نکالنے کے لیے عون چوہدری کی اہلیہ نور بخاری کی انسٹاگرام پوسٹس پر منفی تبصرے کیے جس پر سابقہ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایسے صارفین کو منہ توڑ جواب دیا۔
نور بخاری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ آپ اپنا غصہ میری پوسٹس پر نہ اتاریں اور مہربانی کرکے اپنی منفی سوچ کو لوگوں میں نہ پھیلائیں۔انہوں نے طنزیہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ جن لوگوں کو اپنے گھر میں سالن میں دوسری بوٹی نہیں ملتی وہ بھی سوشل میڈیا پر بیٹھ کر معروف شخصیات کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔
نور بخاری نے کہا کہ ایسے لوگ معروف شخصیات کی پوسٹس پر منفی تبصرے کرکے اپنی زندگی کی بھڑاس نکالتے ہیں۔واضح رہے کہ لاہور کے این اے 128 سے عون چوہدری کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کھڑے ہوئے تھے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سلمان اکرم راجہ ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 کے انتخابی نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو 12 فروری تک حلقہ این اے 128 کے نتائج اور عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔