راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول کس منہ سے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کریں گے۔راولپنڈی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنائی گئیں ان کے لیے شرمندگی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے جیتے ہوئے الیکشن نہیں مان رہے، درخواست ہے عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کریں، الیکشن میں جیتے ہوئے لوگ بھی اس الیکشن کو نہیں مان رہے، انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے، چیف جسٹس تحقیقات کرائیں، ان انتخابات سے سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، انتخابات کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جن کامینڈیٹ چرایا گیا ہے وہ اکٹھی ہو جائیں، میری بیٹی 14 ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی، ایک دم رزلٹ آنا بند ہوگئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 4 بجے تک جاگتا رہا رزلٹ نہیں آرہے تھے، میری بیٹی کے پاس 281 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 موجود ہیں، 16 ہزار 555 ووٹ مسترد ہوئے اس کے باوجود جیت رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لنگڑی لولی حکومت بنا بھی لی تو چل نہیں سکے گی، لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر ہم الیکشن کمیشن جارہے ہیں، ان انتخابات کی ساکھ صفر فیصد ہے جو حکومت بنے گی وہ چلے گی کیسے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اگر حکومت بن بھی گئی تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی، عالمی میڈیا پاکستان میں ہونے والے الیکشن کو دھاندلی زدہ کہہ رہا ہے۔