اسلام آباد(نمائندہ خصو صی)سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کیس کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کر دیا اور سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
جمعرات کوچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کی تعیناتی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے عطاء الحق قاسمی کیس کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو بھی نوٹس جاری کردیاہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ فیصلے پر کس حد تک نظرثانی چاہتے ہیں جس پر وکیل اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے کہا کہ فیصلے میں جرمانہ کیا گیا وہ ختم کرانا چاہتے ہیں تاہم وکیل عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ میرے موکل پورے فیصلے پر نظرثانی چاہتے ہیں۔
وکیل عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی کیس میں آرٹیکل 184/ 3کا غلط استعمال کیا ہے۔سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے کہا کہ میں اپنا کیس خود لڑوں گا،مجھے عدالتی فیصلہ میں تعیناتی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیاجس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں فریقین کو نوٹس ہوا ہے؟ جس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہاکہ نظر ثانی میں ابھی نوٹس نہیں ہوا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ پی ٹی وی کی طرف سے کوئی آیا ہے جس پر پی ٹی وی کے وکیل عدالت میں موجود تھے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ آپ کو پی ٹی وی کی طرف سے کیا ہدایات ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ پی ٹی وی کی طرف سے کوئی خاص ہدایت نہیں ہے۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کی ہدایت ہے؟
جس پر وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ میں ہدایات لے لیتا ہوں جبکہ وکیل اسحاق ڈار نے بتایاکہ فیصلے کو آئندہ تاریخ تک معطل کردیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے واجبات جمع کرا دئیے ہیں؟ جس پر وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ نہیں ابھی تک واجبات جمع نہیں کرائے ہیں۔چیف جسٹس نے دوبارہ استفسار کیا کہ پھر فیصلہ کیوں معطل کرانا چاہتے ہیں جس پر وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر واجبات کی وصولی کیلئے ہمارے اوپر چڑھا ہوا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کیا کہ پھر آئندہ تاریخ تک فیصلہ معطل کریں گے جس پر عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کیے اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔