مقبوضہ بیت المقدس(عکس آن لائن)اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سفیر ریاض المنصور نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں خوراک کے لیے جمع ہونیوالے فلسطینیوں میںموت بانٹنے والے اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاض المنصور نے کہاکہ اب سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو کہہ دے،بہت ہو گیا۔اس پر سفیر نے مزید کہاکہ اسرائیل کی طرف سے یہ وحشیانہ قتل عام اس بات کی گواہی ہے کہ سلامتی کونسل مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور جب تک ویٹو کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے فلسطینیوں کو ان کی زندگیوں سے اسی طرح محروم کیا جاتا رہے گا۔
فلسطینی اتھارٹی کے اقوام متحدہ میں سفیر کا کہنا تھا کہ اس نے بیان جاری کرنے سے پہلے امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ اپنے پلیٹ فارم سے کوئی ایسی چیز سامنے لائے جس میں ہلاکتوں کے تازہ واقعے کی مذمت کی جائے اور ان کی مذمت کی جائے جو اس قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔
اتھارٹی کے سفیر نے بیان میں کہا کہ اگر سلامتی کونسل کی ریڑھ کی ہڈی اور کوئی عزم رکھتی ہے تو ہم اس سے کہتے ہیں کہ ہمیں جنگ بندی کی ضرورت ہے۔