علیمہ خان

عمران خان نے پیغام دیا ہے ووٹ چوری کرنے والوں سے ہرگز مفاہمت نہیں ہوگی، علیمہ خان

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) بانی پی ٹی آئی کی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ جنہوں نے ووٹ چوری کیے ہیں ان کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوگی، اگر چوروں سے مفاہمت کرنی ہے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں انہوں ںے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ مفاہمت ہو بالکل اس طرح جیسے نیلسن منڈیلا نے مفاہمت کی تھی، جنہوں نے ووٹ چوری کیے ہیں ان کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوگی، اگر چوروں سے مفاہمت کرنی ہے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں۔

انہوں ںے کہا کہ پچھلے ایک سال سے نمل یونیورسٹی کا پروجیکٹ جاری تھا 9 مئی کے بعد سارے ٹھیکے داروں کو بھگا دیا گیا، فلاحی ادارے میں 95 فیصد بچے فری پڑھ رہے ہیں اب ہماری کوشش تھی کہ 200 طالبعلموں کے لیے رہائش گاہیں بنالیں، وزیراعلی کی ذمہ داری ہے اب کوئی ٹھیکے داروں کو تنگ نہ کرے اگر کوئی تنگ کرے گا تو خبردار کرتے ہیں ہم یونیورسٹی کے باہر احتجاج کریں گے۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر عمیر نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو سیاست میں نمائندگی دی الیکشن کمیشن کے فیصلے سے کے پی کے خواتین کے حق پر ڈاکا مارا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اتوار کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے اتوار کے روز ہمارے تمام ایم پی اے ایم این ایز اور پارٹی کارکن ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف پہلے ہی تحریک چل رہی ہے ہماری مختلف جماعتوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے ہم نے صدارتی امیدوار چھوٹے صوبے سے نامزد کیا ہے پانچ چھ جماعتیں تو دھاندلی کے خلاف تحریک کیلئے متفق ہیں اب ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے ساتھ حکم امتناع کی درخواست بھی دائر کررہے ہیں ہماری درخواست کہاں تک سنی جائے گی یہ کہنا قبل ازوقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست پر اگر کورٹ کا کوئی مناسب آرڈر آیا تو اس کا اثر صدارتی الیکشن پر ضرور پڑے گا ہماری درخواست اگر عدالت نے سنی تو صدارتی اور سینیٹ الیکشن متنازع ہوجائے گا۔

بیرسٹر عمیر نیازی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عوام نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں