ریاض(گلف آن لائن )سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاہے کہ مملکت رفح کے خلاف کسی بھی جارحیت کے نتائج وعواقب سے خبردار کر رہی ہے۔
ہم غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کرتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے غزہ میں فوری امداد فراہمی کا مطالبہ دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ رفح پر اسرائیلی جارحیت کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ غزہ میں فوری سیز فائر کا مطالبہ کرنے والے ملکوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
اب فلسطینی ریاست اور دو ریاستی حل کا مطالبہ تسلیم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔انہوں نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانیت کے خلاف روا رکھے جانے والے اسرائیلی مظالم کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑی ہے۔ شہزادہ فیصل نے کہا کہ غرب اردن میں انتہا پسند یہودی آباد کاروں کے خلاف پابندیاں مثبت اقدام ہیں۔انہوں نے مغربی کنارے میں تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی ورکس اینڈ ریلیف ایجنسی (اونروا)کی حمایت کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس ادارے کا اہم کردار ختم کرنے کی کوششوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ اونروا کو ہدف بنانے سے غزہ کی پٹی میں عام فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔