کراچی(نمائندہ خصوصی )سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی کو کم کرنا ہونی چاہیے، پاکستان میں پہلے ہی 9کروڑ لوگ سطح غربت سے نیچے ہیں۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتا ح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی چوائس نہیں، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ پروگرام کے بعد دیگر ادارے بھی قرض دیتے ہیں ، پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام میں جانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد اورنگزیب عالمی بینک کے بڑے عہدے پر کام کر چکے ہیں ، وہ اپنی بات پر کھڑا رہنا جانتے ہیں ، میرے خیال میں اس معیشت کو چلانے کیلئے وزارت خزانہ کے طور پر بہترین آدمی ہیں، جس طرح میری ٹانگ کھینچی جاتی تھی اگر اس طرح نہ کیا جائے تو اورنگزیب ڈیلیور کریں گے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ مہنگائی پچھلے سال سے کم ہو چکی ہے ، حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی کو کم کرنا ہونی چاہیے ، پاکستان میں پہلے ہی 9کروڑ لوگ سطح غربت سے نیچے ہیں۔اس کیلئے حکومت کو ٹیکس نیٹ بڑھانا ہو گا ، ریٹیلر ، ہول سیلرز ، رئیل اسٹیٹ سیکٹرز پر بھی ٹیکس میں لگانا پڑے گا ، صرف بلوں کے قیمتیں بڑھا نے کے فیصلوں کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا ۔