مہنگائی کی شرح

عید سے قبل ہفتہ وار مہنگائی بڑھ گئی،ہفتہ وار مہنگائی 29.45فیصد ریکارڈ

لاہور ( گلف آن لائن) عید الفطر سے قبل قلیل مدتی مہنگائی 4اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 0.96 فیصد بڑھ گئی۔

پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی) سے پیمائش کردہ ہفتہ وار مہنگائی سالانہ بنیادوں پر معمولی اضافے کے بعد 29.45فیصد ریکارڈ کی گئی۔حساس قیمت انڈیکس میں 17شہروں کی 50منڈیوں سے 51اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے، زیر جائزہ مدت کے دوران 16اشیا کے نرخوں میں اضافہ، 13کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

زیر جائزہ مدت کے دوران سالانہ بنیادوں پر جن اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، ان میں گیس چارجز برائے پہلی سہ ماہی 570فیصد،پیاز 107.59فیصد، پسی مرچ 86.05فیصد، مردانہ سینڈل 66.71فیصد، مردانہ چپل58.05فیصد، لہسن 53.51فیصد، ٹماٹر35.77فیصد، گڑ34فیصد، نمک 32.78فیصد، انرجی سیور بلب 29.83فیصد، دال ماش 26.98 فیصد اور تیار چائے 23.34 فیصد شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں جن چیزوں کی قیمتیں بڑھیں، ان میں زنانہ سینڈل 12.52فیصد، ٹماٹر 11.93فیصد، مردانہ چپل 8.70فیصد، پیٹرول 3.45فیصد، مرغی کا گوشت 299فیصد، پیاز 1.30فیصد، ڈبل روٹی 1.03فیصد، گائے کا گوشت 0.75فیصد، لہسن 0.70فیصد، بکرے کا گوشت 0.41فیصد اور باسمتی چاول ٹوٹا 0.14فیصد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عالمی بینک نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ رواں مالی سال 24-2023کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ عالمی بینک نے اگلے مالی سال اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 15 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔جبکہ وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اپریل میں مہنگائی کم ہو کر 21 سے 22 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

تاہم، زیرہ جائزہ ہفتے کے دوران جو چیزیں سستی ہوئیں، ان میں کیلے 3.57فیصد، گندم کا آٹا 2.68فیصد ، انڈے اور ایل پی جی1.89 فیصد ، ڈیزل 1.18 فیصد ، گڑ 0.63فیصد ، چینی 0.41 فیصد ، سرسوں کا تیل 0.26فیصد ،دال مسور 0.25 فیصد اور آلو 0.23 فیصد شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں