لاہور ( نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے بہاولپور میں 27کنال اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کروانے کیلئے دائر اپیل خارج کر دی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اقبال گجر نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ریاست بہاولپور کی زمین پرائیویٹ خاتون مزاجی بیگم کو الاٹ کی گئی، زمین پرائیویٹ خاتون نہیں خرید سکتی تھی، ریاست بہاولپور کی سرکاری زمین کی پنجاب حکومت آگے الاٹمنٹ نہیں کرسکتی۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین پرائیویٹ شخص کو الاٹ کر دی لہذا الاٹمنٹ منسوخ کی جائے۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں تقریر نہ کریں وکیل صاحب ادھر قانون کی بات کریں، یہ معاملہ پہلے بھی سپریم کورٹ آچکا ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ نے بہاولپور میں 27کنال اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کروانے کیلئے دائر اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔