لاہور (گلف آن لائن )ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی استعداد بھی بڑھانا ہو گی،
غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ پارٹنر شپ کی طرز پر معاہدے ہونے چاہئیں اس لئے ایسے قوانین بنائے جائیں جس میں غیر ملکی سرمایہ کار خود کو محفوظ سمجھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے غیر ملکی سرمایہ کے مواقع اور پاکستان کے اقدامات کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر زوہیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی شیخ ،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری ،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران صدیق بٹ،محمد شفیق راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔
حبیب الرحمان زبیری نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے مضبوط قوانین ہونے چاہئیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری سے ایسے منصوبے شروع کرنے چاہئیں جس سے ہماری پیداوار بڑھے اور اس سے برآمدات ہو سکیں جس سے ہمارے پا س غیر ملکی زر مبادلہ آئے ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے امن و امان کا قیام نا گزیر ہے اس لئے ان کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔