پاکستانی کرکٹرز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دور جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے جو اس سال کے اواخر میں ہوگااس دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ 10 سے 14 دسمبر تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17 سے 22 دسمبر تک پارل،کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023ـ25کے دو ٹیسٹ میچز سنچورین ( 26 تا 30 دسمبر) اور کیپ ٹاؤن (3 تا 7جنوری) میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کیلئے روانہ ہوگی،آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔ 8 جنوری کو اپنا افریقن ٹور مکمل کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہوم گراؤنڈ میں تین ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی جس کے بعد پاکستان میں آٹھ ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہوگی۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دوروں سے قبل پاکستان ، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب دو اور تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا اس کا مطلب ہے کہ وہ اگست 2024 سے جنوری 2025تک چھ ماہ کے عرصے میں سات ٹیسٹ، دس ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا،یہ پاکستان کا 1994ـ95 کے بعد جنوبی افریقہ کا ساتواں ٹیسٹ دورہ ہوگا۔ پاکستان نے وہاں دو ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ ڈربن میں 1997ـ98میں اس نے 29 رنز سے جیتا تھا۔

اس ٹیسٹ میں اظہر محمود (132) اور سعید انور (118) نے سنچریاں بنائی تھیں جبکہ مشتاق احمد نے میچ میں 149 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور شعیب اختر نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ میں دوسری مرتبہ ٹیسٹ جنوری 2007 میں سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ (اب Gqeberha میں جیتا تھا جس میں انضمام الحق پہلی اننگز میں 92 رنز ناٹ آؤٹ بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے آخری تین میں سے دو سیریز 2013ـ14 اور 2020ـ21میں جیتی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ نے 2002ـ03 (4ـ1) 2006ـ07 (3ـ1) 2012ـ13 ( 3ـ2 ) اور 2018ـ19 (3ـ2) میں کامیابی حاصل کی تھی۔جنوبی افریقہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 12ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو 5 کے مقابلے میں 6 کی برتری حاصل ہے، ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔

شیڈول کے مطابق10 دسمبر کوپہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈربن میں کھیلا جائیگا ،13 د کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچورین میں کھیلا جائیگا ،14 دسمبر کوتیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جوہانسبرگ میں کھیلا جائیگا ،17 دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پارل میں کھیلا جائیگا ،19 دسمبر کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائیگا ،22 دسمبر کوتیسرا ون ڈے انٹرنیشنل جوہانسبرگ میں کھیلا جائیگا ، 26 تا30 دسمبر کو پہلا ٹیسٹ سنچورین میں کھیلا جائیگا ،3 تا 7 جنوری کو دوسرا ٹیسٹ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں