امریکی وزیر خارجہ

ہم نے ابھی تک رفح میں کوئی بڑا آپریشن نہیں دیکھا،امریکہ

مقبوضہ غزہ(نمائندہ خصوصی)فلسطین کے علاقے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ دوسری طرف امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے تا حال رفح میں کوئی بڑا آپریشن نہیں دیکھا۔ غیرملکی خبررساں ادراے کے مطابق محکمہ خارنہ نے ایک بیان میں کہاکہ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ابھی تک ایسا نہیں دیکھا جسے وسیع فوجی آپریشن کا نام دیا جائے۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ غزہ سے امریکی شہریوں کو نکالنے کے لیے مزید کوششیں کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دیکھا کہ 12 مئی کو 50 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے اور یہ ضرورت سے بہت کم ہے۔علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کو ان اطلاعات پر بہت تشویش ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک امدادی کارکن ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔

اس سے قبل اقوام متحدہ نے زور دے کر کہا تھا کہ اس نے اسرائیلی حکام کو اقوام متحدہ کے ملازمین کو لے جانے والی گاڑی کی نقل و حرکت کے بارے میں مطلع کیا تھا، جسے پیر کے روز غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں گولہ باری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ہندوستانی ملازم کی موت ہوئی جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوا۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں ایک گاڑی پر حملے میں اپنے ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان رولانڈو گومز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہلاک ہونے والا ملازم ہندوستانی شہری تھا۔گومز کے مطابق حملے کے وقت اسی محکمے کا ایک دوسرا ملازم گاڑی میں تھا اور وہ زخمی ہوا۔وہ رفح میں یورپی ہسپتال جا رہے تھے جب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب رفح میں اسرائیلی فوج اور حماس کے جنگجوئوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اسرائیل نے رفح میں کارروائی کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور ساتھ ہی رفح کے اطراف میں بڑی تعداد میں فوج اور جنگی سازو سامان منتقل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں