مردان (نمائندہ خصوصی) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے طلبہ نے ہوائی فائرنگ کا پتہ لگانے والا سافٹ وئیر اور حیرت انگیز ویل چیئر تیار کرلی۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان میں سائنس میلہ لگایا گیا جس میں طلبا وطالبات نے اپنے ایجاد کردہ نت نئے سائنسی آلات کے ڈیزائنز کی نمائش کی۔ کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے سائنس میلہ کے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انجینئرنگ کے فائنل ائیر کے طلبا نے اپنا ایک پراجیکٹ دکھاتے ہوئے بتایا کہ اس کے ذریعے ہوائی فائرنگ کے مقام کا پتہ چل سکے گا کیونکہ پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں شادی بیاہ کے موقع پر ہوائی فائرنگ اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہے تو اس (سافٹ وئیر ) پراجیکٹ کو پولیس تھانوں میں نصب کرنے سے گولی چلنے کے 10سیکنڈ میں اس مقام کا پتہ چلے گا جہاں پر گولی چلی ہو۔ دیگر طلبا نے بھی کمشنر مردان ڈویژن کو اپنے ایجاد کردہ آلات کے بارے میں بتایا،یونیورسٹی کے طلبا نے ایک ایسی ویل چیئر بھی تیار کی ہے جو پیروں کے ساتھ ساتھ ہاتھوں سے بھی معذور افراد استعمال کرسکیں گے، یہ کرسی بلوٹوتھ اور سنسر کی مدد سے مریض کے ذہن کے تحت حرکت کریگی۔