کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان ، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 495 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کی صبح تقریبا 9 بج کر 39 منٹ کر کے ایس ای-100 انڈیکس 0.66 فیصد یا 495 پوائنٹس اضافے کے بعد 75 ہزار 609 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 75 ہزار 114 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے کہا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی آ رہی ہے کیونکہ مئی میں مہنگائی کی شرح میں 13 فیصد تک کی نمایاں کمی ہونے کی توقع ہے، انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا تھا کہ جون میں زری پالیسی میں نرمی کی توقعات بھی ہیں۔ 10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔